نئی دہلی،10جون؍(آئی این ایس انڈیا)اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے سینئر قومی نائب صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے آج کے نوبھارت ٹائمز سمیت ہندی کے بیشتراخبارات میں شائع دہلی حکومت کے اس اشتہار پر حیرت و استعجاب کے ساتھ اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اشتہار میں صرف پنجابی زبان کے اساتذہ کے تقرر کی بات کہی گئی ہے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ دہلی جناب اروند کجریوال انصاف پسند شخصیت ہیں اس لیے ان سے مسلمانوں کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، انہیں گزشتہ حکومت سے سبق لیتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی اور انصاف کا معاملہ کرنا چاہیے۔ اردو نہ صرف مسلمانوں کی زبان ہے بلکہ جنگ آزادی ہند اور دہلی کی تاریخی زبان ہے۔ اس لیے پنجابی کے ساتھ ساتھ اردو اساتذہ کے تقرر کا معاملہ بھی ترجیحی بنیادپرہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً آٹھ سو اردو اساتذہ کی اسامیاں خالی پڑی ہیں، اردو کو فروغ دینے کے لیے اورپڑھنے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کی جائے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ اردو اساتذہ کا تقرر پنجابی اساتذہ کی طرح یقینی بنایا جائے نیز نصابی کتابوں کو وقت پر مہیا کرایا جائے۔ واضح ہو کہ اردو اور پنجابی کو دہلی میں دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے لیکن افسوس کہ گزشتہ بیس سال سے دونوں زبانوں کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا گیا اور دہلی حکومت نے خود قانون کے نفاذمیں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔